نئی دہلی : پناہ گاہ میں غریب لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے 19 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست بہار میں غریب لڑکیوں کے لیے قائم کی گئی پناہ گاہ میں جسمانی اور جنسی استحصال کے کیس میں نامزد 20 ملزمان میں سے 19 کو عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے 28 جنوری کو سزا سنانے کا اعلان کردیا۔
بہار کے شہر مظفر پور میں غریب لڑکیوں کے لیے قائم کی گئی پناہ گاہ میں لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کی خبریں 2018 میں سامنے آئی تھیں اور اب عدالت نے اس کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ 19 افراد پر جرم ثابت ہوا ہے جن کو سزائیں 28 جنوری کو سنائی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق پناہ گاہ کے مالک برجیش ٹھاکر بھی مجرمان میں شامل ہیں جبکہ یہ کیس 2018 میں منظر عام پر آیا تھا۔
برطانوی خبر ساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پناہ گاہ میں 40 سے زائد لڑکیاں رہائش پذیر تھیں جن کے حوالے سے اطلاعات تھیں کہ اکثر لڑکیوں کو تشدد اور جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
پولیس نے 20 افراد کو ملزمان نامزد کیا تھا تاہم عدالت نے ان میں سے ایک ملزم کو بری کردیا۔
پناہ گاہ کے مالک برجیش ٹھاکر کو پولیس نے مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داریوں میں غفلت کا مرتکب اور ریپ کا الزام عائد کیا تھا۔