سابق لیجنڈ کرکٹر اور ورلڈکپ فاتح کپتان نے دعویٰ کیا ہے کہ میری ٹیم موجودہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو باآسانی صرف 3 دنوں میں ہرادے گی۔
سری لنکا کے لیجنڈری کپتان ارجنا رانا ٹنگا جن کپتانی میں سری لنکا نے 1996 کا ون ڈے عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا انھوں نے اس وقت کی بھارتی ٹیم کو کسی خاطر میں لانے سے انکار کردیا ہے، ان کا ماننا ہے کہ ان کی 1996 والی ٹیم بھارت کو صرف 3 دنوں میں ہراسکتی ہے۔
ارجنا رانا ٹنگا نے کہا کہ اگر چمندا واس اور متھایا مرلی دھرن جیسے بولر ہوں جو ٹیم میری کپتانی میں کھیلتی تھی تو روہت شرما کی قیادت میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم کو ہم 3 دنوں میں ٹیسٹ میچ ہراسکتے ہیں۔
سری لنکا کے لیے واحد او ڈی آئی جیتنے والیے کپتان ارجنا رانا ٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے عالمی کرکٹ کو حیران کردیا تھا۔
اس وقت سری لنکن ٹیم میں مرلی دھرن، واس، ارویندا ڈی سلوا، سنتھ جے سوریا اور مارون اتاپوت جیسے لیجنڈ پلیئرز موجود تھے، اس ٹیم نے ارجنا رانا ٹنگا کی کپتانی میں 1996 اور اس کے کئی سالوں تک کرکٹ پر اپنی دھاک بیٹھائی تھی۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم کا ٹیسٹ کرکٹ میں اس وقت کافی برا حال ہے، اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا کی سرزمین پر ہونے والی بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھی بھارت ٹیم 3-1 کی ہزیمت سے دوچار ہونے کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔