بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا بیٹا محفوظ نہیں ہے اس کے خلاف سازش رچائی جارہی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے باوجود بھارتی بیٹر سنجو سیمسن کو وجے ہزارے ٹرافی کے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے، ایسے میں ان کے والد وشواناتھ نے الزم عائد کیا ہےکہ کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن ان کے بیٹے کے خلاف سازش کررہا ہے۔
خبروں کے مطابق سیمسن کو کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا کیوں کہ انھوں نے لازمی کیمپ میں شرکت نہیں کی تھی، تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ سنجو اور کے سی اے کے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔
سنجو سیمنس کو انگلینڈ کے خلاف او ڈی آئی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے، کے سی اے کے صدر جیش جارج نے بیٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں منتخب نہ ہونے کے لیے صرف خود کو الزام دینا چاہے۔
جیش جارج کے مطابق سنجو سیمسن نے کیمپ میں شرکت نہ کرنے کے لیے صرف ایک ون لائن ٹیکسٹ پیغام بھیجا تھا جو کہ درست نہیں تھا۔
سنجو کے والد نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ چھ ماہ پہلے وہ میرے بیٹے کے خلاف کوئی منصوبہ بندی کررہے تھے کہ وہ خود ہی کیرالہ چھوڑ جائے، ہم ان سے لڑ نہیں سکتے۔
وشواناتھ نے کہا کہ وہ ڈکٹیٹر ہیں آپ ان سے واپس بات نہیں کرسکتے، آپ انھیں چیلنج نہیں کرسکتے، میرا بیٹا محفوظ نہیں ہے وہ لوگ ہر چیز کا الزام میرے بیٹے پر ڈال دیں گے اور لوگ اس پر یقین بھی کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا کیرالہ کے لیے کرکٹ کھیلنا چھوڑ دے، اگر کوئی اور اسٹیٹ میرے بیٹ کو چانس دینا چاہتی ہے تو اس سے رابطہ کرے، میں یہ اپیل کرتا ہوں۔