لاہور: قومی احتساب بیورو نے لاہور ہائی کورٹ سے مسلم لیگ ن کے ایم این اے برجیس طاہر کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ نون کے ایم این اے برجیس طاہر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی نیب انکوائری سے متعلق کیس میں 6 صفحات کا تحریری جواب جمع کرا دیا۔
تحریری جواب میں برجیس طاہر کی ضمانت کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برجیس طاہر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی جا رہی ہے۔
نیب نے عدالت کو بتایا کہ برجیس طاہر کے خلاف نیب کو 9 اپریل 2020 کو اثاثوں کی تحقیقات کے لیے درخواست موصول ہوئی، جس پر چیئرمین نیب نے انکوائری کی منظوری دی۔
شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری
نیب نے کہا کہ برجیس طاہر کے خلاف اب آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کر رہے ہیں، قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد برجیس طاہر سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئیں، نیب نے مختلف محکموں سے بھی ان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ برجیس طاہر کے تاحال وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے ہیں لہٰذا عدالت ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دے۔