بدھ, دسمبر 11, 2024
اشتہار

نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب کو ہیلی کاپٹر دینے کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب کو ہیلی کاپٹر دینے کی منظوری دے دی، دونوں رہنماوں کو لاہور ائیرپورٹ سے  ہیلی کاپٹر کے زریعے  اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی نیب عدالت کی جانب سے مجرم قرار دئیے جانے اور سزا سنائے جانے کے بعد ان کی گرفتاری کے معاملے پر وفاقی وزارت داخلہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے کی، اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی ، ڈپٹی چیئرمین نیب ، ڈی جی نیب لاہور ، ڈی جی ایف آئی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی شریک تھے۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ائیرپورٹ سے ہیلی کاپٹر پر اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب کو ہیلی کاپٹر دینے کی منظوری دے دی ہے اور لاہور ائیرپورٹ کی سیکورٹی کہ ذمہ داری نگران صوبائی حکومت کرے گا جبکہ ائیرپورٹ پر اترتے ہی امیگریشن حکام دونوں کو گرفتار کرکے نیب حکام کے حوالے کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اسلام آباد میں سیکورٹی کے حالات دیکھ کر نواز شریف اور مریم کو احتساب عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ اگر سیکیورٹی صورتحال سازگار نہ ہوئی تو اڈیالہ جیل میں ہی احتساب عدالت کے جج بعد از گرفتاری کے قانونی تقاضے پورے کریں گے۔


مزید پڑھیں :  نوازشریف اورمریم نواز کو لاہور سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اڈیالہ منتقل کرنے کا فیصلہ


یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے نوازشریف اورمریم نواز کو لاہور ائیرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے لئے ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے چیئرمین نیب کو ایک خط لکھا تھا، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب ٹیم کو ایئرپورٹ پر ہیلی کاپٹر درکار ہوگا، نوازشریف، مریم جمعہ کو لاہور ایئرپورٹ اتریں گے، انھیں گرفتار کرکے ہیلی کاپٹرسے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا۔

فیصلے میں نواز شریف کو دس سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں