اسلام آباد: ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے گھپلوں میں نیب افسران پر دھونس اور دھمکی سے کروڑوں روپے کا فائدہ اٹھانے کا الزام ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر نے چیئرمین نیب اور چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
کرپشن روکنے والوں اربوں روپے کے گھپلوں میں ملوث نکلے ، اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کا چونا لگایا گیا، ڈی جی نیب راولپنڈی ناصراقبال اور ڈی جی ایچ آرملک شکیل پر کروڑوں کا فائدہ اٹھانے کا الزام ہے۔
صدرہاؤسنگ سوسائٹی رانا غلام فرید نے چیئرمین نیب کو درخواست لکھ کر نیب افسران کا بھانڈا پھوڑا، رانا غلام فرید کا کہنا ہے کہ ملک شکیل نے سوسائٹی سےایک ایک کنال کے5پلاٹ لیے،ایک پلاٹ اپنے نام،ایک بھائی، دو بھتیجے اور ایک رشتے دار کے نام کرایا۔
انھوں نے بتایا کہ پلاٹ حاصل کرنےکیلئے نیب افسران نے رانا فرید کو11روز ریمانڈ پر رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
رانا غلام فرید نے اپنی درخواست میں چیف جسٹس آف پاکستان سے ازخود نوٹس لینے اور چیئرمین نیب سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔