پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

کرپشن کے الزامات، سعد رفیق کو نیب نے طلب کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے بدعنوانی کے الزامات کے پیش نظر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو طلب کرلیا۔

نمائندہ اے آر وائی کے مطابق نیب نے خواجہ سعد رفیق کو پیرا گون سٹی (ہاؤسنگ اسکیم) میں ملوث ہونے پر 22 مارچ کو بمعہ دستاویزات جواب دینے کے لیے طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم خواجہ سعد رفیق کا بیان ریکارڈ کرے گی  جبکہ قومی احتساب بیورو نے وفاقی وزیر ریلوے کے بھائی سلمان رفیق کو بھی محکمہ صحت میں بے ضابطگیوں پر طلب کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل سے منسلک پیرا گون سٹی اسکیم کے الزام کا جواب دینا ہے جبکہ اُن کے بھائی  سے محکمہ صحت میں ہونے والی کرپشن سے متعلق سوال و جواب کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: کرپشن کے الزامات، نیب نے امریکا کے لیے نامزد سفیر علی جہانگیرصدیقی کو طلب کرلیا

قبل ازیں نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ کو احتساب عدالت میں پیش کر کے ملزم کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کی جس کی عدالت نے منظوری دے دی۔

نیب پراسکیوٹر کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ احمد چیمہ سمیت مقدمے میں نامزد 6 ملزمان پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں کرپشن کے الزامات ہیں، ملزمان نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

احتساب عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ تمام افراد کو 3 اپریل کی سماعت پر دوبارہ پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کی انکوائری : نیب نے شہباز شریف کو طلب کرلیا

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔

پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پرپی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کیلئے قرار داد بھی جمع کرائی تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں