اسلام آباد: پانی کی فراہمی کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے پر آصف زرداری کو نیب نے طلب کر لیا، سابق صدر 9 مئی کو نیب راولپنڈی میں پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے راولپنڈی آفس نے پانی کی فراہمی کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے کیس میں آصف زرداری کو 9 مئی کو طلب کیا ہے۔
کیس میں نیب روالپنڈی نے ریفرنس دائر کر دیا، عبد الغنی مجید اور منہال مجید بھی کیس میں نامزد ہیں۔
نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو ہارش کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے، ہارش کمپنی کو ٹھیکے پر ملنے والی رقم بھٹو ہاؤس میں استعمال ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری اورفریال تالپور کو عبوری ضمانت میں 15مئی تک توسیع
ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کو رقوم کی منتقلی پر جواب کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 29 اپریل کو جعلی اکاﺅنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف علی زر داری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 15 مئی تک توسیع کی ہے، نیز نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی گئی تھی کہ نیب تحریری طور پر آگاہ کرے کہ دونوں کے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر سے یہ بھی کہا تھا کہ نیب کی طرف سے آصف زرداری کو کسی کیس میں گرفتار کرنے کے سلسلے میں کوئی سرپرائز نہیں دی جائے گی۔