راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو دوبارہ طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو نیب راولپنڈی نے پارک لین کیس میں طلب کر لیا ہے۔
بلاول بھٹو کو نیب نے 17 مئی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا، بلاول نے پہلی پیشی پر سوالات کے جوابات بھی تا حال جمع نہیں کرائے۔
نیب میں پہلی پیشی پر آصف زرداری ہی زیادہ تر بلاول کے جوابات دیتے رہے، نیب کی جانب سے اس مرتبہ بلاول بھٹو کو تنہا طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 20 مارچ کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو نیب کی تفتیشی ٹیموں کے سامنے پیش ہوئے تھے، نیب کی 16 رکنی ٹیم نے ان سے پوچھ گچھ کی۔
یہ بھی پڑھیں: پارک لین کمپنی کیس : آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے بیان ریکارڈ کرادیا
بلاول بھٹو نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے، انھوں نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا امید کرتا ہوں آئندہ مجھے نیب نہیں بلائے گا۔
نیب کی جانب سے پی پی رہنماؤں کو سوال نامہ فراہم کیا گیا تھا اور ہدایت کی گئی تھی کہ 3 سے 4 دن میں جوابات جمع کرائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پارک لین جعلی اکاؤنٹس کیس، گرفتار ملزم زرداری اور بلاول کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گیا
خیال رہے کہ پارک لین جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم سلیم فیصل آصف زرداری اور بلاول کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے۔
فیصل سلیم نے نیب کی تفتیشی ٹیم کو بیان دیا تھا کہ پارک لین کی انتظامیہ کے حکم پر تمام کام کیے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری پارک لین کے 25 ، 25 فی صد پارٹنر ہیں۔