اسلام آباد: نیب نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کو 20 مارچ کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، نیب نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں 20 مارچ کو طلب کرلیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز شاہ خالد کے مطابق نیب کی جانب سے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری 20 مارچ کو نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ علی الصبح بینکنگ کورٹ کراچی نے نیب کی منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی تھی، آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت 19 ملزمان کی عبوری ضمانت بھی واپس کردی گئی تھیں۔
آصف زرداری تاخیر سے بینکنگ کورٹ پہنچے تھے جب تفصیلی فیصلہ جاری ہوچکا تھا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس راولپنڈی منتقل ہونے پر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: بینکنگ کورٹ کا منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم
دوسری جانب زرداری اور ان کی ہمشیرہ کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سابق صدر کی آمد پر احتساب عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پی پی کارکنان اور رہنما سعید غنی، سینیٹر قیوم سومرو، راشد ربانی ودیگر بھی عدالت پہنچے تھے۔
فریال تالپور عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، وکیل کی جانب سے طبیعت ناساز ہونے پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔