بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

جعلی اکاؤنٹس کیس، فریال تالپورکی کل نیب میں طلبی ، عبوری ضمانت حاصل کرلی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے فریال تالپور کو کل طلب کرلیا تاہم انھوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو کل طلبی کا سمن جاری کردیا ، سمن میں کہا گیا فریال تالپور کل نیب اولڈ ہیڈکوارٹرز پیش ہوں، فریال تالپور کو جوائنٹ وینچر کی تحقیقات سےمتعلق طلب کیاگیاہے۔

نیب طلبی کے بعد فریال تالپور نے نیب میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی، دائر درخواست میں موقف اختیارکیاگیاکہ نیب راولپنڈی نے 17 اپریل کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے جو بدنیتی پر مشتمل ہے۔

درخواست میں کہاگیا کہ نیب کی جانب سے جاری کیا گیا کال اپ نوٹس بدنیتی پر مشتمل ہے، درخواست گزار کو سیاسی اور ٹارگٹڈ انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گرفتار ی کا اندیشہ ہے، عبوری ضمانت منظور کی جائے ، درخواست میں چیرمین نیب اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب فریق بنائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری اور فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاونٹس کیس میں آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کی 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 29اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

دورانِ سماعت جسٹس عامر فاروق نے فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ کیا یہ کوئی مختلف انکوائری ہے؟ اس پر فاروق نائیک نے بتایا کہ جی یہ الگ معاملہ ہے۔

واضح رہے کہ فریال تالپور نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں 29 اپریل تک عبوری ضمانت کررکھی ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں