راولپنڈی: اسٹیل ملز اراضی کیس میں قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو کل طلب کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب راولپنڈی نے قائم علی شاہ کو متعلقہ دستاویزات کے ساتھ نیب اولڈ ہیڈکوارٹر دن 12 بجے طلب کیا ہے۔
نیب کی جانب سے جاری ہونے والی طلبی کے نوٹس میں سابق وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 27 مئی کو نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں کر بیان ریکارڈ کرائیں۔
دوسری جانب قائم علی شاہ نے کل نیب ٹیم کے سامنےپیش ہونےکا فیصلہ کیا، جس کے لیے وہ آج ہی اسلام آباد پہنچ گئے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ کے وکیل بیرسٹر قاسم نواز عباسی نے بھی نیب کے سامنے پیش ہونے کی تصدیق کی۔
علاوہ ازیں قائم علی شاہ کے وکیل بیرسٹر قاسم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی، جس کو منظور کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے سماعت کی۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب کی جانب سے بھیجے جانے والے طلبی کے نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے اور کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔ درخواست میں چیئرمین نیب ، تفتیشی افسر اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔