راولپنڈی : نیب نے ایل این جی اسکینڈل میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دوبارہ 7 مارچ کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی کو 7 مارچ کو طلب کرلیا اور اس حوالے سے سمن بھی جاری کردیے گئے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلبی کے ساتھ نیب سوالات کے جوابات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی اسکینڈل سے متعلق 70 سوالات فراہم کیے گئے تھے جن کے جوابات 28 فروری کو جمع کروانے تھے جو نہیں جمع کروائے گئے۔
یاد رہے اکتوبر 2018 میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی اسکینڈل کیس دوبارہ کھولنے اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ نیب کی جانب سے وزارت پٹرولیم کو خط لکھ گیا تھا، جس میں متعلقہ وزارتوں سے ریکارڈ طلب کیا تھا۔
واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور حکومت میں سابق وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطرکے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پردستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہرسال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔