اسلام آباد : چیئرمین نیب جاوید اقبال نے بڑی مچھلیوں کے کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا اور کہا گواہوں کی لمبی فہرست کم کرکے مرکزی گواہ عدالت میں پیش کریں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال نے نیب کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ڈی جیز کو نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ بڑی مچھلیوں کے کیسز میں فوری تیزی لائی جائے، گواہوں کی لمبی فہرست کم کرکے مرکزی گواہ عدالت میں پیش کریں۔
جاویداقبال نے مزید کہا تھا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، میگا کرپشن کیسزٹھوس شواہد پر تیار کیے جائیں۔
یاد رہے چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کوئی دھمکی ، کوئی بلیک میلنگ راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ، ہمارا کام عام آدمی کا تحفظ کرنا ہے ، عام آدمی کی شکایت کا 60 سے 70 فیصد ازالہ ہوا ہے، کچھ ایسی سوسائٹیز بھی ہیں جنہوں نے خود آکر تعاون کیا اور جنہوں نے خود شکایت کنندہ سے معاملات طے کرلئے۔
جاوید اقبال نے مزید کہا تھا کہ جوصاف شفاف چیزیں ہوں نیب کبھی مداخلت نہیں کرے گا، نیب نے عزت نفس کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔