پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے بھارت سے فلم میں کردار کی پیشکش پر اپنے خیالات کا اظہار کر دیا۔
نادیہ افگن نامور پاکستانی اداکارہ ہیں جنہوں نے اپنے کام کی بدولت شہرت پائی۔ انہوں نے پی ٹی وی کے متعدد کامیاب ڈراموں میں بھی پرفارم کیا۔
حال ہی میں وہ نجی نیوز چینل کے مزاحیہ شو میں نظر آئیں جہاں انہوں نے بھارت میں کام کرنے اور وہاں سے متعدد آفرز ملنے کے بارے میں بات کی۔
یہ بھی پڑھیں: محبت میں مرنے کی باتیں کرنا بیوقوفی ہے: نادیہ افگن
نادیہ افگن نے کہا کہ مجھے بھارت میں کوئی بھی کردار آفر ہوا تو میں ادا کروں گی کیونکہ میں ایک آرٹسٹ ہوں اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ میں بھارتی فلموں کا حصہ بننا پسند کروں گی، ان کا کام قابل ذکر ہے اور ان کے پاس کچھ بہترین اداکار بھی ہیں جن میں شاہ رخ خان، کونکنا و دیگر شامل ہیں۔
پاکستانی اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے بھارتی پنجابی فلموں کی پیشکش ہوئی تھی لیکن بات نہیں بن پائی کیونکہ کچھ مسائل تھے اور میرے والد بھی بیمار تھے اس لیے میں نہیں جا سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ سونم باجوہ میری پسندیدہ اداکارہ ہیں، وہ میری دوست بھی ہیں، ایک بار انہوں نے ’سنو چندا‘ پر ویڈیو بنائی تھی تو میں نے شکریہ ادا کیا تھا جس کے بعد ہم دوست بن گئے۔
نادیہ افگن نے کہا کہ سونم باجوہ پاکستانی فنکاروں کی بہت عزت کرتی ہیں۔