کراچی: قومی رجسٹریشن کے ادارے نادرا نے بزرگ شہریوں کے لیے تصدیق سروس متعارف کرا دی۔
چیئرمین نادرا طارق ملک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بزرگ شہریوں کو بینکوں میں بائیو میٹرک تصدیق کے مسائل کا یقینی ازالہ ہوگا، بزرگ شہریوں سے بینکوں میں بائیو میٹرک میں چند خفیہ سوالات پوچھے جائیں گے، جن کے درست جوابات دینے پر ان کی تصدیق فوری کر دی جائے گی۔
طارق ملک نے کہا کہ نادرا کو بزرگ شہریوں کی جانب سے لاتعداد شکایات موصول ہو چکی ہیں، بائیو میٹرک تصدیق نہ ہونے پر سسٹم اے آئی کا استعمال کرے گا، اس وقت ملک میں کُل 46 بینک کام کر رہےہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 5 بینکوں نے سروس شروع کر دی ہے جبکہ 4 بینکوں میں ٹیسٹنگ جاری ہے، 15 بینکوں کو اس سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا کام شروع ہو چکا ہے، باقی 22 بینکوں میں بھی بہت جلد اس کا آغاز کر دیا جائے گا۔