پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

نعیم الحق اور خرم نواز گنڈا پور کا ایک دوسرے پر جوابی وار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ خرم نواز گنڈا پور کی شکل ہی نہیں جانتا، آج اُن سے پہلی ملاقات ہوئی تھی،جیسی انہوں نے زبان استعمال کی ویسی زبان میں استعمال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا،جب کہ خرم نواز گنڈا پور نے نازیبا الفاظ کے استعمال کی سخت الفاظ میں تردید کی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے وضاحت کی کہ سپریم کورٹ کے باہر خرم نواز گنڈا پور سے تلخ کلامی سے پہلے میں انہیں نہیں جانتا تھا اس لیے بات اتنی بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ خرم نواز گنڈا پور نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو بُرا بھلا کہا اور مغلظات بکیں جس کی شکایت پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری سے تنظیمی سطح پر کریں گے۔

 اسی سے متعلق : خرم نوازگنڈ اپوراورنعیم الحق کے درمیان تلخ کلامی

نعیم الحق نے مزید کہا کہ خرم گنڈا پور نے غلط زبان استعمال کی جس کے گواہ شیخ رشید صاحب ہیں، شیخ رشید نے بیچ بچاؤ کرایا اور معاملہ کو سنبھالا۔

بعد ازاں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دو سے تین اہم میٹنگز میں نعیم الحق سے ملاقات رہی ہے اور ابھی دو روز قبل ہی ایک چینل پر ہم دونوں ساتھ ایک ٹاک شو میں شریک تھے اس کے باوجود اگر وہ مجھے نہیں جانتے تو یہ مضحکہ خیز بات ہی ہے۔

انہوں نے وضاحت پیش کی کہ میں نے عمران‌ خان کے بارے میں کوئی نازیبا بات نہیں کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کے بارے میں جو طنزیہ بات کی تھی میں نے اس کا جواب دیا تھا جو کہ میرا حق بنتا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں وزیراعظم پاکستان اور اُن کے اہل خانہ کے خلاف پاناما لیکس سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد نعیم الحق اور خرم نواز گنڈا پور کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی تھی جسے شیخ رشید نے رفع دفع کروایا تھا۔

بعد ازاں پاکستان عوامی تحریک کے ہنگامی اجلاس میں تحریک انصاف سے تنظیمی سطح پر رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں