اسلام آباد: چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی ملاقات بڑے خوش گوار ماحول میں ہوئی، اور انھوں نے وزیر اعظم کو 2014 کے کرکٹ آئین کی بحالی پر مفصل بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ملنے والی ہدایات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انھیں مزید ذمہ داریاں سونپی ہیں۔
نجم سیٹھی نے کہا وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ دنیا بھر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ہر شعبے میں بہترین ثابت ہو، اس لیے انھوں نے کھلاڑیوں کو مزید سہولیات دینے کے حوالے سے ہدایات دی ہیں۔
نجم سیٹھی کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کرکٹ انفرا اسٹرکچر پر کام کیا جائے، کھلاڑیوں کو ملازمت کے مواقع فرام کیے جائیں، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کے لیے امیدوار نامزد کر دیا
انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ پی سی بی تمام ڈیپارٹمنٹس کی سہولت کاری کرے، اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو بھرتی کر کے کھیلنے کے مواقع دے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیر اعظم پاکستان کو انٹرنیشنل ٹیموں سے متعلق بھی بریفنگ دی، اور انھیں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔