بالی وڈ فلم ’منٹو‘ (2018) کی ڈائریکٹر و اداکارہ نندیتا داس نے پاکستان بلخصوص پنجاب کے شہر لاہور سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔
نندیتا داس فیض میلے میں شرکت کیلیے لاہور میں موجود ہیں جہاں انہوں نے خاتون صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور بلخصوص لاہور آنے کی بہت شوقین ہوں، میں یہاں کے موسم سے لطف اندوز ہو رہی ہوں، فیض احمد فیض کا تعلق صرف پاکستان سے نہیں بلکہ انڈیا سے بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہشمند
نندیتا داس نے کہا کہ فیض میلے میں مدعو کرنے کو اعزاز سمجھتی ہوں، میرے یہاں متعدد سیشنز ہیں جہاں میں فیض احمد فیض کو خراج تحسین پیش کروں گی، فیض اور منٹو جیسے لوگ لازوال ہیں، منٹو کی شخصیت کی وجہ سے ان پر فلم بنائی اور پھر کتاب بھی لکھی۔
بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب میں یہاں آئی ہوں، پہلی بار 1996 میں لاہور آئی تھی، متعدد بار اس شہر کا رخ کر چکی ہوں لیکن اس پر 8 سال کے بعد آئی ہوں۔
’یہاں مجھ سے اچھا سلوک کیا جا رہا ہے۔ مجھے یہاں کی نہاری، مٹھائی و دیگر لذیذ کھانے پسند ہیں، یہ سرحدیں انسانوں کی بنائی ہوئی ہیں لیکن فنکاروں کو محبت پھیلانا ہے۔‘
نندیتا داس اپنی غیر معمولی اداکاری اور سماجی موضوعات پر مبنی فلموں کیلیے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1996 میں کیا تھا اور بہت ساری مشہور فلموں میں کام کیا ہے۔
انہوں نے 2008 میں اپنی ہدایتکاری کی پہلی فلم ’فائر‘ کے ساتھ فلم سازی میں بھی قدم رکھا، جسے عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔