اسلام آباد : نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کیخلاف نیب ریفرنس تیار کرلیا گیا اور منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو ارسال کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب نے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کیخلاف ریفرنس تیار کرلیا۔
نیب تفتیشی ٹیم نے کرپشن ریفرنس میں احسن اقبال کومرکزی ملزم نامزد کردیا، جس کے بعد نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو ارسال کردیا گیا ہے۔
نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نیب آرڈیننس دفعہ9کےتحت کرپشن کےمرتکب ہوئے، ان کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجودہیں۔
نیب کا کہنا ہے کہ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبےکااسکوپ بڑھا کر خزانےکونقصان پہنچایا، انھوں نے صوبائی حکومت کے منصوبے کو ہائی جیک کرکےاضافی فنڈزخرچ کئےجبکہ احسن اقبال نے بطور وزیر منصوبہ بندی تمام قوانین کو جان بوجھ کر توڑا۔
اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد میں نارووال اسپورٹس سٹی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی تھی، جس میں عدالت نے نیب کی ریفرنس دائر کرنے کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا منظور کرلی تھی۔