پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے لیے نیا کارنامہ انجام دے دیا۔
نسیم شاہ نے لاہور میں بنگلا دیش کے خلاف سپر 4 میچ کے دوران ون ڈے انٹرنیشنلز میں پاکستان کے لیے ایک قابل ذکر سنگ میل حاصل کیا۔
نسیم نے ان فارم مہدی حسن میراز کو میچ کی اپنی پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرکے حریف ٹیم پر دباؤ ڈال دیا جس سے پاکستانی بولنگ اٹیک کا خوف بلے بازوں کے دل بیٹھ میں گیا۔
نسیم شاہ کی یہ غیر معمولی کارکردگی ان کے ون ڈے کیریئر میں ایک تاریخی کامیابی ہے۔ اس میچ میں اپنی تین وکٹوں کے ساتھ وہ اپنے پہلے 13 ون ڈے میں سے ہر ایک میچ میں وکٹ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔
نسیم نے گرین شرٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے پہلے 13 ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ 32 وکٹیں لینے والے باؤلر کے طور پر بھی ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کر لیا۔
انہوں نے عبدالقادر کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا جو اپنے ابتدائی 13 ون ڈے میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔