کراچی : صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بینک اکاؤنٹس کے معاملےکو پیپلزپارٹی سے جوڑنےکی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں کوئی پریشانی یاخوف نہیں،عدالتوں پریقین ہے انصاف ملے گا، موجودہ حکومت جو وعدے کررہی ہے، کام کریں گے تو ساتھ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آصف زرداری پراس قسم کے کیسز شروع سے بنتے آرہے ہیں اور موجودہ کیسز بھی نوازشریف کی حکومت میں بنے تھے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی پریشانی یا خوف نہیں،عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں، یقین ہے انصاف ملے گا، پہلے بھی آصف زرداری پابند سلاسل رہے ہیں اور باعزت بری ہوئے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا بینک اکاؤنٹس کے معاملے کو پیپلزپارٹی سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو اکاؤنٹس سامنے آرہے ہیں اس میں عوام کا نہیں بینکوں کا قصور ہے، پیسے کہاں گئے کہاں سے آئے انکوائری بالکل ہونی چاہیے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عجیب تاثربنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ترقی کی بجائے مہنگائی دی ،ہر چیزمہنگی کردی گئی، حکومت نے آج کل نیا جملہ پکڑا ہوا ہے کہ این آراونہیں دیں گے، این آراوان سے کس نے مانگاہے۔
انھوں نے کہا ہم چاہتے ہیں حکومت 5سال پورے کرے ، نوازحکومت نے بھی سندھ میں ترقیاتی کام کے بہت وعدے کیے تھے، موجودہ حکومت بھی وعدے کر رہی ہے، کام کریں گے تو ساتھ دیں گے۔
سندھ کے وزیر نے کراچی پریس کلب واقعہ میں صوبائی حکومت اور پیپلزپارٹی کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کراچی پریس کلب پرحملے کی انکوائری کااعلان کردیا اور کہا وزیراعلی سندھ نے کراچی پریس کلب پر حملے کا سخت نوٹس لیا ہے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پی پی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، سینئر صحافیوں سے بدتمیزی کا بھی نوٹس لیا گیا ہے، تحقیقات کرائیں گے، سندھ حکومت یقین دلاتی ہے ملوث لوگوں کےخلاف کارروائی کریں گے اور سی ٹی ڈی کی وضاحت کی انکوائری کرائیں گے۔