وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی جمال صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف حریم شاہ اور ایک طرف حلیم عادل شیخ ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراطلاعات نے کہا کہ اسمبلی میں جوحرکات ہوئی ماضی میں نہیں ہوئیں پی ٹی آئی والے اسمبلی کےاہل ہی نہیں ہیں ایک مرتبہ آگئے یہ لوگ آئندہ اسمبلیوں میں نہیں آئیں گے۔
ناصرشاہ نے کہا کہ عوام نےفیصلہ دے دیا ہےضمنی انتخابات میں یہ لوگ ہارے، فردوس شمیم کے استعفے کے اعلان پر کچھ نہیں کہوں گا۔
’’حریم شاہ شاید اپنے دلہا ناصر شاہ کو تلاش کررہی ہیں‘‘
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاکر حریم شاہ شاید اپنے دلہا ناصر شاہ کو تلاش کررہی ہیں۔
جمال صدیقی نے کہا کہ ناصر شاہ ماضی سے فراموش نہ ہوں، ان کی جماعت نے ماضی میں اسمبلی میں آگ لگائی تھی، پی پی نے اسمبلی میں ڈیسک پر چڑھ کر دستاویزات کو جلایا تھا۔
خیال رہے گزشتہ روز حریم شاہ کی پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی سے شادی کی خبریں آئی تھیں جس کے بعد صارفین میمز کے طور پر مختلف لوگوں کے ساتھ حریم شاہ کا نام جوڑ رہے تھے۔
معروف ٹک ٹاکر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی اور سوشل میڈیا صارفین سے گزارش کی کہ ان کا نام کسی شخص کے ساتھ نہ جوڑا جائے کیونکہ اس سے قبل وہ کسی کے ساتھ تعلق میں نہیں تھیں۔