کراچی : نسلہ ٹاور کیس میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کو گرفتار کرنے والا ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو معطل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کیس میں ڈی جی کراچی ڈوپلمنٹ اتھارٹی آصف علی میمن کو گرفتار کرنے والا افسر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ زون غلام عباس کو معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا جب کہ غلام عباس کی جگہ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سکھر احمد علی شیخ کو ڈپٹی ڈائریکٹر کراچی ایسٹ تعینات کردیا گیا۔
ڈپٹی ڈاریکٹر اینٹی کرپشن سکھراحمدعلی کے تبادلے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایسٹ کے افسر نے ڈی جی آصف علی میمن کے خلاف کمزور کیس بنایا جس کے باعث ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن کو گرفتاری کے اگلے روز عدالتی حکم پر رہا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی کے ڈی اے کے خلاف ناقص تفتیش پر غلام عباس کو عہدے سے ہٹایا گیا۔
خیال رہے کہ کراچی میں عدالتی حکم پر مسمار کیے جانے والے نسلہ ٹاور کے ذمہ دار افسران، اینٹی کرپشن کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود تاحال بیان ریکارڈ کروانے نہیں پہنچے۔
اینٹی کرپشن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے نسلہ ٹاور کے نقشے کی منظوری سے تعمیرات تک شامل تمام افسران کی فہرست طلب کرلی ہے۔