تازہ ترین

رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام

اسلام آباد: رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام ہو گئی، قومی پولیو مہم کی پرفارمنس رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام رہی ہے، قومی پولیو مہم میں لاکھوں بچوں کے ویکسین سے محرومی کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 21 لاکھ 99317 بچے پولیو ویکسینیشن سے محروم رہے، پولیو مہم مقررہ ہدف کا 95 فی صد حاصل کر سکی، سندھ اور گلگت بلتستان میں 99 فی صد بچوں کی ویکسینیشن ہوئی، بلوچستان میں 98 فی صد، پنجاب اور آزاد کشمیر میں 96 فی صد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی، جب کہ اسلام آباد میں 104 فی صد بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی گئی۔

نمونیہ سے بچوں کی اموات میں اضافہ، مزید 18 بچے انتقال کرگئے

ذرائع کے مطابق پنجاب میں 9 لاکھ 18260 بچے پولیو ویکسینیشن سے محروم رہے، سندھ میں 54 ہزار 163 بچے، خیبر پختون خوا میں 11 لاکھ 52387 بچے، بلوچستان میں 60588 بچے، آزاد کشمیر میں 26741 بچے، اور جی بی میں 3367 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔

واضح رہے کہ قومی انسداد پولیو مہم 8 تا 17 جنوری چلائی گئی تھی، جب کہ لکی مروت اور ٹانک میں قومی انسداد پولیو مہم نہیں چلی تھی۔

Comments

- Advertisement -