اسلام آباد: والد، چاچا اور دادا کے خون کے انصاف کیلئے قانونی جنگ لڑنے والی ام رباب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے اجلاس میں پھٹ پڑیں۔
تفصیلات کے مطابق ام رباب آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے اجلاس میں شریک ہوئیں اور بتایا کہ تین سال قبل دادا، والد اور چچا کا قتل ہوا، تاثر یہ ہے کہ پیپلز پارٹی قاتلوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
ام رباب نے کمیٹی کو بتایا کہ تہرے قتل کیس میں نامزد ایم پی اے کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپہ مارا تو نثار کھوڑو حامی بن کر سامنے آگئے، ایس ایس پی کہتے ہیں کہ سندھ حکومت کا دباؤ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امِ رباب کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس میں اہم پیشرفت
ام رباب نے کمیٹی کے شرکا سے سوال کیا کہ اس کیس میں مداخلت کیوں کی جارہی ہے؟سیاسی جماعتیں اس معاملے پرسیاست نہ کریں، بلاول بھٹو قائمہ کمیٹی کےچئیرمین ہیں،امید ہےکہ وہ نوٹس لیں گے۔
یاد رہے کہ سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل مہیٹر میں تین سال قبل مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
مقتول کی بیٹی امِ رباب کی سندھ ہائی کورٹ کے باہر ننگےاحتجاجاً ننگے پیر آنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد اس کیس کو ہائی پروفائل قرار دیا گیا۔
ام رباب کا دعویٰ ہے کہ اُن کے والد، دادا اور چچا کو پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے قتل کروایا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نومبر میں سندھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تہرے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ذوالفقار چانڈیو کو بلوچستان سے کشمور منتقل ہوتے ہوئے گرفتار کیا تھا، مطلوب ملزم کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقر تھی۔