بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

طالب علم کو زخمی کرنے والے نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ کا سنسنی خیز انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: طالب علم کو زخمی کرنے والے نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھ جیسے ہزاروں گارڈز ہیں جنھیں کبھی تربیت نہیں دی گئی۔‘‘

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے گورنمنٹ نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ سجاد سے اچانک رائفل چلنے سے طالب علم ابوذر کا جسم چھلنی ہو گیا تھا۔ آج سیکیورٹی نے ایسا بیان دیا ہے جس سے یہ تشویش ناک سوال سامنے آ گیا ہے کہ کیا اپنی حفاظت کے لیے سیکیورٹی گارڈ رکھنے والے شہری محفوظ ہیں؟

گرفتار سیکیورٹی گارڈ سجاد نے پولیس کو دیے بیان میں انکشاف کیا کہ اس سے غفلت ضرور ہوئی ہے لیکن اصل میں یہ غفلت سپروائزر سے ہوئی ہے، سجاد نے بتایا ’’مجھ جیسے ہزاروں گارڈز ہیں جنھیں کبھی تربیت نہیں دی گئی۔‘‘

سیکیورٹی گارڈ نے کہا ’’ہمیں نہ کبھی ٹریننگ دی گئی، نہ ہی اسلحے کے بارے میں بتایا گیا۔‘‘

سرکاری کالج کے سیکیورٹی گارڈ سے رائفل چل گئی، طالب علم کا جسم چھلنی ہو گیا

گارڈ سجاد نے مزید کہا ’’میرے ساتھ زندگی میں پہلی بار ایسا ہوا، میں نے جیسے ہی چیمبر کھینچا فائر ہو گیا، میں کالج کے باہر مسجد کے قریب بیٹھا ہوا تھا، رائفل اچانک چل جانے سے چھرے طالب علم کے بازو اور جسم پر جا لگے۔‘‘

سیکیورٹی گارڈ کے اس بیان سے یہ تشویش ناک سوال ابھرا ہے کہ جو شہری اپنی حفاظت کے لیے سیکیورٹی گارڈ رکھتے ہیں، کیا وہ خود اپنے ہی سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں محفوظ بھی ہیں؟ کیوں کہ سجاد کے بیان کے مطابق شہر میں ایسے ہزاروں سیکیورٹی گارڈ ہیں جنھیں رائفل سنبھالنے کی بھی تربیت نہیں دی گئی ہے۔

یہ پریشان کن سوال بھی سامنے آیا ہے کہ کیا سیکیورٹی گارڈز فراہم کرنے والے ادارے لوگوں کو نوکریوں پر رکھتے وقت کسی ضابطہ کار پر عمل نہیں کرتے، اور کیا وہ لوگوں کو نوکری پر رکھتے ہی انھیں بغیر تربیت بھی رائفل ہاتھوں میں تھما دیتے ہیں؟

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں