اشتہار

’حکومت عمران خان کو دہشتگرد کی طرح ٹریٹ کرے‘

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے فیصلے منشیات کے عادی شخص کے کہنے پر نہیں کیے جا سکتے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ زمان پارک میں جو ہوا وہ ریاست کے خلاف کھلے عام بغاوت کی گئی، کالعدم تنظیم کے لوگوں کو زمان پارک میں رہائش پذیر کیا ہوا ہے، فون پر کہا جا رہا ہے کہ جو جتھے لائے گا اسے پارٹی ٹکٹ ملے گا، کیا اب کوئی شک رہ گیا ہے کہ یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ عسکری جماعت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک شخص نے آئین و قانون کو جوتی کے نیچے رکھا ہوا ہے اور ریاست تماشا دیکھ رہی ہے، آج بھی عمران خان کے وارنٹ معطل کر دیے گئے کیا یہ سہولت باقی جماعتوں اور نواز شریف کو حاصل ہے؟

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تنظمیں خودکش حملہ آوروں سے کہتی ہیں جنت ملے گی اور یہ شخص بھی وہی سب کچھ کر رہا ہے کہ آپ کو ٹکٹ ملے گا، ٹکٹ دیتے ہوئے پوچھیں گے کہ کتنے پولیس والوں کے سر پھاڑے اور ہڈیاں توڑیں، ایک شخص مقدمات اور انصاف سے ڈرتا ہے اس کے ہاتھ جرائم سے رنگے ہیں۔

’صرف ایک شخص کی جان بچانے کے لیے قانون سے پورا کھیل رچایا جا رہا ہے۔ کسی ایجنڈے پر لاؤنچ کیے گئے غیر جمہوری لوگوں کا احتساب کیا جائے۔ جمہوریت کے آگے بڑھنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ غیر جمہوری لوگوں کا حساب کتاب ہو۔ اگر وہ احتساب سے بھاگتے ہیں تو انہیں پکڑ کر عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ جو شخص پاکستان کو گروی رکھنے کی بات کرے اس کو پکڑ کر قوم کے سامنے رکھا جائے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ایسے ڈیل کرنا چاہیے جیسے کالعدم تنظیم کے ساتھ کرتے ہیں، ریاست کی مجبوری نہتے عوام ہیں ورنہ حکومت کو چاہیے اس کے ساتھ ویسے ٹریٹ کرے جیسے دہشتگرد کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اب ریاست کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور اس پر سے سیاسی جماعت کا لیبل ہٹانا ہوگا، اسے کالعدم اور دہشتگرد جماعت کی طرح ڈیل کرنا چاہیے، اگر یہ نہیں ہوتا تو حکومت پر بہت بڑا سوالیہ نشان کھڑا ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں