جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

امریکا، ٹرمپ کے حامیوں کی ہنگامہ آرائی کا خطرہ،ہزاروں نیشنل گارڈز کیپٹل ہل میں تعینات

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: انٹرنیٹ پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں سیکڑوں امریکی نیشنل گارڈز کو سنگ مر مر کے فرش پر لیٹا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تصویر امریکی کانگریس کی عمارت کے اندرونی حصے کی ہے جہاں کسی بھی ممکنہ حملے کے پیش نظر نیشنل گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے۔

کیپٹل ہل میں واقع امریکی کانگریس کی عمارت پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کے بعد  سیکیورٹی کے انتظامات بہت سخت کردیے گئے ہیں اور وہاں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے کو مکمل بند کردیا گیاہے۔

- Advertisement -

بدھ کے روز ایوانِ نمائندگان نے ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی دوسری قرارداد پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

مواخذے کی کارروائی کے دوران کیپٹل ہل میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کا خطرہ تھا جس کے پیش نظر ایک روز پہلے سے ہی 20 ہزار کے قریب نیشنل سیکیورٹی گارڈز کو عمارت کے اندورنی اور بیرونی حصوں میں تعینات کیا گیا جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے 20 جنوری کو جوبائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں حملے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

انٹرنیٹ پر شیئر ہونے والی تصاویر میں اہلکاروں کو عمارت کی راہداریوں اور کمروں میں فرش پر لیٹا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ عمارت کے اندر گلیاروں کے چپے چپے میں مسلح گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انتقالِ اقتدار سے قبل کیپٹل ہل کی سیکیورٹی سخت ہوتی ہے مگر دو ڈھائی سو سال میں ایسا منظر پہلی بار دیکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ واشنگٹن کے اہم علاقے کیپٹل ہل میں بدھ 6 جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے حملہ کیا تھا، جس پر پولیس چیف کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔ کیپٹل ہل پولیس چیف اسٹیون سَنڈ نے اپنا استعفیٰ پولیس بورڈ کو بھجوایا جس میں انہوں نے اپنی ناکامی کا اعتراف بھی کیا۔

کیپٹل ہل عمارت پر ہونے والے حملے کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا جس کے بعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں تھیں، اس دوران 5 افراد کی ہلاکت بھی ہوئی تھی جس کی زیادہ تفصیل سامنے نہیں آسکی۔

واقعے کے بعد امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا جانا چاہیے یا کانگریس ان کا مواخذہ کرے، انھوں نے کہا ٹرمپ ملک کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی قرارداد دوسری مرتبہ منظور

یہ بھی پڑھیں: صدر کی تبدیلی پر ہنگامہ آرائی کا خدشہ، امریکی فوج‌ کو تیار رہنے کا پیغام موصول

اسے بھی پڑھیں: ٹرمپ کا خاتمہ ہوگیا

دوسری جانب یہ بازگشت بھی ہے کہ کیپٹل ہل واقعے میں کچھ سابق اور حاضر ڈیوٹی فوجی ملوث ہیں جن کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ایک روز قبل امریکا کی فوجی قیادت نے اہلکاروں کے نام پیغام جاری کیا اور انہیں ہدایت کی تھی کہ فوج کسی غیر آئینی اور غیر قانونی کام کا حصہ نہیں بن سکتی۔

Comments

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں