اسلام آباد : مشیر قومی سلامتی ڈاکٹرمعیدیوسف اہم دورے پر امریکا روانہ ہوگئے، معید یوسف دورے میں امریکی ہم منصب اور دیگر امریکی عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر قومی سلامتی ڈاکٹرمعیدیوسف امریکا کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ، اپنے دورے میں معیدیوسف امریکی ہم منصب اور دیگر امریکی عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بات ہوگی اور پاک امریکاتعلقات سمیت افغانستان کی صورتحال بھی زیرغورآئےگی۔
اس دوران معیدیوسف امریکی کانگریس اراکین ، امریکی تھنک ٹینکس،امریکی میڈیا سمیت امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
معیدیوسف کی امریکی ہم منصب سےآخری ملاقات مئی میں جنیوامیں ہوئی تھی ، ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سمیت افغانستان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
خیال رہے جوبائیڈن کی انتظامیہ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان اور امریکی حکام کےدرمیان پہلی اعلیٰ سطح ملاقات ہوئی ہے۔
یاد رہے چند روز قبل امریکا نے اعتراف کیا تھا کہ افغانستان میں امن عمل کیلئے حکومت پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان ہی طالبان کو مذاکرات کی میز پر لایا، امن عمل کو آگے بڑھانے پر پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے اس کے علاوہ مستحکم جنوبی ایشیاء کیلئے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔