منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات پر زور دے کرامید بڑھا دی ہے،نوجوت سنگھ سدھو

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی : بھارت کے سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھوکا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات پر زور دے کرامید بڑھا دی ہے، بھارت کواس گرمجوشی سے فائدہ اٹھانا چاہئیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پرتنقید کا نشانہ بننے والے نوجوت سنگھ سدھوواویلا کرنے والوں کیخلاف ڈٹ گئے، بھارتی اخبار کو انٹرویو میں مخالفت کرنے والوں سے کئی سخت سوال کر ڈالے۔

سدھو کا کہنا تھا خیرسگالی نہیں چاہئیے تو پاکستان میں بھارتی سفارتخانہ کیوں؟بھارتی ہائی کمشنر نے عمران خان کو بلے کا تحفہ کیوں دیا؟ تہواروں پر سرحد پر مٹھائی کا تبادلہ کیوں ہوتا ہے؟

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات پر زور دے کرامید بڑھا دی ہے، بھارت کو اس گرمجوشی سے فائدہ اٹھانا چایئے اور تنقید کے بجائے پاکستان سے تجارت بڑھانا اور دونوں قوموں کا رشتہ مضبوط کرنا چاہیے۔

نوجوت سنگھ کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان سے یقین پختہ ہوا کہ پاکستان اوربھارت کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں، میں پاکستان محبت اور امن کا پیغام لے کر گیا تھا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جنرل قمرجاوید باوجوہ کی کرتار پور صاحب کا راستہ کھولنے کی بات جذباتی لمحہ تھا، کوئی آپ کے خوابوں کو حقیقت کردے تو کیا آپ جذباتی نہیں ہوں گے، جنرل باجوہ کو جھپی ڈالنا فطری عمل تھا۔

مزید پڑھیں : بھارت میں مجھ پربلاوجہ تنقیدکی گئی جس پربہت دکھ ہے‘ نوجوت سنگھ سدھو

یاد رہے چند روز قبل بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے بھارت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے دورہ پاکستان پربلا وجہ انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں جس پردکھ ہے، عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت میرے لیے فخرکی بات ہے۔

نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب آنا چاہیے، دونوں ممالک کے عوام کے چاہتے ہیں تعلقات میں بہتری آئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ اٹل بہاری واجپائی ہی واہگہ کے راستے پاکستان گئے تھے، واجپائی نے آگرہ میں پرویزمشرف سے ملاقات کی تھی، نواشریف کے فنکشن میں ان کے گھر گئے تھے، مودی جب پاکستان گئے تھے اس وقت بھی سرحد پرکشیدگی تھی۔

واضح رہے نوجوت سدھو کے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت اور آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ سے گلے ملنے اور صدر آزاد کشمیر مسعود خان کے ساتھ بیٹھنے پر بھارتی میڈیا اور انتہا پسند آگ بگولہ ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں : سدھو کی تقریب حلف برداری میں شرکت، بھارتی میڈیا بھڑک اٹھا

جس کے بعد لدھیانہ میں مشتعل افراد نے سدھو کے پوسٹر اور پتلے کو آگ لگائی گئی جبکہ انتہا پسند جماعتوں نے بھارت کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے، جس میں سدھو کے پتلے کو بھی نذر آتش کیا گیا تھا۔

انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل نے سدھو کے سر کی قیمت مقرر کردی ہے اور کہا ہے کہ سدھوکا سر لانے والے کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں