اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اندھے فیصلے ہم قبول نہیں کریں گے ہمارے لئے فیصلہ کوئی اور کسی کے لئے کوئی اور، یہ کو نسا انصاف ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ہاوس اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کامشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران کارکنوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔
مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف فیصلے نے ملکی ترقی کے سفر کو روکا۔ ترقی کا سفر رکنا ملک دشمنی ہے، دونوں فیصلے آپ کے سامنے ہیں۔ پارٹی اورقوم یہ فیصلہ قبول نہیں کرتے۔
عمران خان کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ نبی گالہ کا گھر کیسے بن گیا، عمران خان کی بیگم نے اگر پیسے بھیجنے تھے تو سیدھے اپنے میاں کے اکاونٹ میں بھیجتیں۔ جمائما خاوند کو پیسے بھیجنے کے بجائے کسی اور کو پیسے بھیجتی ہیں۔
نواز شریف کہنا تھا کہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ نیازی سروسز میرا اثاثہ ہے، عمران خان نے نیازی سروسز کے اکاونٹ میں لاکھوں پاونڈز موجود ہونا تسلیم کیا۔ پارٹی غیرملکی فنڈنگ کا معاملہ بھی 5 سال تک کیوں محدود کیا گیا؟
انھوں نے کہا کہ ہمارے لئےفیصلہ کوئی اورکسی کیلئے کوئی یہ کیسا انصاف ہے،اس طرح کے اندھے فیصلے ہم قبول نہیں کریں گے، پارٹی اورقوم میرےخلاف فیصلہ قبول نہیں کرتی، ہم اب ناانصافی کیخلاف تحریک چلائیں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں مجرم ہوں بینچ کہتا ہے مجرم نہیں، عمران خان کی بیگم نے پیسے بھیجنے تھے تو میاں کے اکاؤنٹ میں بھیجتی۔
مزید پڑھیں : ہم بھیڑبکریاں نہیں جو آنکھیں بند کر کے فیصلہ تسلیم کرلیں، نوازشریف
یاد رہے آج صبح احتساب عدالت میں پیشی پر نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عدلیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تھا کہ ہم بھیڑبکریاں نہیں جو آنکھیں بند کر کے فیصلہ تسلیم کرلیں، میں ،پارٹی اور قوم اس فیصلے کو قبول نہیں کرینگے، ، ہم اس فیصلے کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فیصلے میں دہرا معیار اپنایا گیا ، مجھے خیالی تنخواہ پرنکالا گیا، خیالی تنخواہ کومیرا اثاثہ بتایا گیا، وزیراعظم کوشک کا فائدہ نہیں دیا جاتا اورنکال دیا جاتا ہے ، اس طرح کی سکہ شاہی نہیں چلے گی ، نوازشریف کا 50 سال پرانا احتساب لیا گیا۔