لندن : ایون فیلڈ ریفرنس کے سزا یافتہ مجرم سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف نے وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل کی کوٹھری سامنے دیکھتے ہوئے پاکستان واپس جارہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے پاک فوج اور عدلیہ کے فیصلوں پر کڑی تنقید کی ہے، اس موقع پر ان کے ہمراہ مریم نواز بھی موجود تھیں۔
انہوں نے حسب روایت قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی جاری رکھی، نواز شریف نے انصاف کو ظالمانہ احتساب قرار دیا، ٹرائل کے دوران منی ٹریل پر آئیں بائیں شائیں کرنے والے سابق وزیر اعظم بار بار رونا روتے رہے کہ آخر میرا قصور کیا ہے؟ ان کا فیصلے سے متعلق پھر کہنا تھا کہ جب کوئی کرپشن ہی نہیں ہوئی تو مریم کو سزا کس بات کی دی گئی۔
دوسری جانب لاہور میں نواز شریف اور مریم نواز کی جمعہ کو وطن واپسی کے موقع پر لاہور پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے، اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری ڈیوٹی پرآنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوازشریف اور مریم کی آمد پر کسی بھی صورتحال سے نمٹنےکیلئے پلان تیار کرلیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کو اڈیالہ کے علاوہ دو جیلوں میں منتقل کرنے کے آپشن پرغور کیا جارہا ہے۔
انتظامیہ طیارے کو اسلام آباد یا کسی اور شہر میں لینڈ کرانے پر بھی غور کرہی ہے، نوازشریف اور مریم جس ایئرپورٹ پربھی اتریں گے نیب ٹیم گرفتاری کیلئے تیار ہوگی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔