لاہور: سعودی عرب کے سفیر نے میاں نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی ہے.
تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعيد المالکی نے بیگم کلثوم نوازکے انتقال پراظہار تعزیت کیا، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی میاں نواز شریف سے ملاقات کی.
واضح رہے کہ آج کارکنوں کی بڑی تعداد بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کے لیے جاتی امرا پہنچ تھی، نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز تعزیت کرنے والوں سے ملنے کے لیے باہر آئے۔
نواز شریف اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد پہلی بار تعزیت کرنے والوں سے ملے، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا۔
تعزیت کے لیے جاتی امرا پہنچنے والوں میں متحدہ مجلس عمل کا وفد بھی شامل تھا، ایم ایم اے کے وفد میں فضل الرحمان، لیاقت بلوچ، پیر اعجاز ہاشمی اور فرید پراچہ و دیگرشامل ہیں۔
یاد رہے کہ آج سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں شریف خاندان اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام بھی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے موجود تھے۔