اسلام آباد : سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا ہے کہ آئین توڑنے والوں اورججوں کوگرفتارکرنے والوں پرہاتھ کیوں نہیں پڑتا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے کہا کہ احتساب کے نام پرانتقام کا جواب لودھراں کے عوام نے دے دیا۔
نوازشریف نے کہا کہ ضمنی ریفرنس کب تک آتے رہیں گے، ہم کب تک عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ موجودہ ریفرنس میں جان ہوتی تو ضمنی ریفرنس کی ضرورت ہوتی؟۔ جھوٹے کیسز کا جواب دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقدمہ عوام لڑ رہی ہے، ووٹ کا تقدس بحال ہورہا ہے ، لودھراں میں عملی نمونہ دیکھا گیا ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہم سے انتقام لیا جا رہا ہے، ڈرنے والا نہیں ہوں الزامات کا بھرپور سامنا کروں گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئین توڑنے والوں اورججوں کوگرفتارکرنے والوں پرہاتھ کیوں نہیں پڑتا، آئین توڑنےوالوں کو پکڑنے سے ان کے پر جلتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں نوازشریف کو کسی نہ کسی طرح سزا ہوجائے۔
نوازشریف نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملک کو درست سمت میں لے کر جائیں گے، ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اللہ کےفضل سے2018 کے انتخابات کاچاند لودھراں سے نکل آیا ہے۔
شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جمعرات تک ملتوی
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نا اہل وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی عدم پیشی کے باعث نیب ریفرنسز کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔