اسلام آباد : نااہل سابق وزیراعظم نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کی حکمت عملی فائنل کرلی گئی ، دو اکتوبر کو قومی اسمبلی سے نئی قانون کی منظوری لی جائے گی، جس کےاگلے روز ن لیگ کی جنرل کونسل میں نوازشریف کو پارٹی صدر منتخب کرالیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف کو دوبارہ مسلم ن لیگ کی صدر بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے، اب نااہل شخص پارٹی سربراہ بن سکے گا، قومی اسمبلی انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون میں نئی ترمیم کی منظوری دی گئی۔
حکومت الیکشن بل پہلے ہی سینیٹ سے منظور کرانے میں کامیاب ہوچکی ہے، بل کی قومی اسمبلی سے منظوری اور صدارتی توثیق پر یہ نافذ العمل ہوجائے گا اور نوازشریف کی پھر پارٹی صدر بننے میں رکاوٹیں دور جائیں گی۔
الیکشن بل2017قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد اسی دن صدر ممنون حسین کو بھجوائے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں : نواز شریف کی دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار، سینیٹ میں بل منظور
زرائع کے مطابق ن لیگ نے اپنی جنرل کونسل کا اجلاس بھی تین اکتوبر کو طلب کر لیا گیا، جس میں نوازشریف کو پارٹی صدر منتخب کرائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نااہل وزیراعظم نے اسی لئے لندن روانگی بھی ملتوی کردی ہے، اب وہ تین اکتوبر کے بعد برطانیہ جائیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن بل 2017پہلے ہی سینیٹ میں کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا،بل کی اہم ترین شق 203 کو 38 اراکین نے حق میں جبکہ 37 نے مخالفت میں ووٹ دیا، جس کے بعد نواز شریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔
بل کی شق 203 میں کہا گیا ہے کہ ہر پاکستانی شہری کسی بھی سیاسی جماعت کی رکنیت اور عہدہ حاصل کرسکتا ہے بلکہ اس کا صدر بھی بن سکتا ہے۔