ماہر قانون احمد پنسوتا نے سپریم کورٹ کے ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کو کالعدم قرار دینے پر کہا ہے کہ اس فیصلے کے بعد نواز شریف کی نا اہلی کو چیلنج کرنا ممکن نہیں رہا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ پر فیصلہ سناتے ہوئے اس ایکٹ کو کالعدم قرار دیا ہے جس پر ماہر قانون احمد پنسوتا نے رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے دیے گئے فیصلے کے مطابق یہ ایکٹ آئین اور قانون سے متصادم تھا۔ اس فیصلے کے بعد اب سابق وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کو چیلنج کرنا ممکن نہیں رہا۔
ایڈووکیٹ احمد پنسوتا نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا ریویو کے ذریعے اپیل کا اختیار دینا آئین سے تجاوز ہے اور سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی یہی ہے۔ اس فیصلے کے خلاف 30 دن میں اپیل کا حق ہے اگر نگراں حکومت اس فیصلے کو چیلنج نہیں کرتی تو یہ دوبارہ نہیں سنا جائے گا۔
’سپریم کورٹ نے نا اہلی کے پرانے فیصلے دوبارہ کھولنے کی کوشش ناکام بنا دی‘
ان کا کہنا تھا کہ ریویو کے قوانین اور پریکٹس کے تحت سپریم کورٹ کا وہی بینچ اپیل بھی سنے گا۔