کراچی : گرین لائن منصوبے کی تکمیل کے لئے ناظم آباد فلائی اوور کو گرانے کا کام ہیوی مشینری کے ذریعےجاری ہے۔ مذکورہ پل دو سے تین ہفتے میں مکمل منہدم ہوجائے گا، جب کہ بورڈ آفس کی جانب جانے والی ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناظم آباد کے برسوں پرانے پل کو مسمار کرنے کا کام شام ڈھلنے کے بعد بھی جاری رہا، اس پل کو گرانے کیلیے جدید اور ہیوی مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ جلد از جلد اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
اس حوالے سے ڈی سی سینٹرل فرید الدین کا کہنا ہے کہ پل کو ڈائنا مائٹ کے ذریعے گرایا جائے گا، ان کا کہنا ہے کہ پل کا ملبہ ہٹانے کے بعد تقریباً 2 سے ڈھائی مہینے میں گرین لائن بس کے لئے ٹریک کی تعمیر کا کام مکمل ہوگا۔
علاوہ ازیں پُل بند ہونے سے عوام کو ٹریفک مسائل کا بھی سامنا ہے، تاہم انتظامیہ نے ٹریفک کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کیلیے متبادل راستہ فراہم کیا ہے۔
ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس کی تین شفٹیں لگائی گئی ہیں، اس کے علاوہ پولیس کے دستوں کو بھی پل کےاطراف تعینات کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : ناظم آباد پل، ایک تاریخی عہد تمام ہوا
ذرائع کے مطابق دو سے تین ہفتے میں پل مکمل طور پر گرادیا جائے گا، پہلے مرحلے میں بورڈ آفس سے ناظم آباد جانے والا ٹریک گرایا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ ناظم آباد کا فلائی اوور گرین لائن منصوبے کے لیے گرایا جارہا ہے۔