اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 14.1 فیصد اور سب سے کم پنجاب میں 4.2 فیصد ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور ایس او پیز پر عملدر آمد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی مجموعی شرح 8.16 فیصد ہے، ملک میں کرونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی کل تعداد 2 ہزار 469 ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح سب سے زیادہ 14.1 فیصد ہے، بلوچستان میں 12.5 فیصد اور آزاد کشمیر میں 11.9 فیصد ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں 4.7 فیصد، اسلام آباد میں 6.6 فیصد اور خیبر پختونخواہ میں 5.6 فیصد ہے۔
بریفنگ کے مطابق ملک میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی کم ترین شرح پنجاب میں 4.2 فیصد ہے، لاہور میں مثبت کرونا کیسزکی شرح 5.69، راولپنڈی میں 4.95 فیصد اور فیصل اآباد میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح 6.81 فیصد ہے۔
اسی طرح کراچی میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 20.12 فیصد، حیدر آباد میں 18.43 فیصد، پشاور میں 9.17 فیصد، سوات میں 7.32 فیصد، ایبٹ آباد میں 14.53 فیصد، کوئٹہ میں 9.91 فیصد، مظفر آباد میں 11.48 فیصد، میر پور میں 10.57 فیصد اور گلگت میں 4.76 فیصد ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 301 مریض وینٹی لیٹرز پر زیر علاج ہیں، لاہور میں 80، ملتان میں 40، راولپنڈی میں 19، کراچی میں 75، راولپنڈی میں 41 اور اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 40 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔