بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

این سی او سی کی محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے صوبوں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی، جب کہ صوبائی حکام نے ویڈیو لنک پر کرونا صورت حال سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی، اور این سی او سی کو ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

این سی او سی نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں میں حفاظتی خطوط یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اور اس سلسلے میں مذہبی فرقوں، علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

- Advertisement -

اجلاس میں اسد عمر نے کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور میں ایس او پیز پر سختی سے پابندی کو سراہا، انھوں نے محرم کی مجالس اور جلوسوں میں عوام کے حفاظتی طرز عمل کی تعریف کی، اور صوبوں کو ہدایت کی کہ محرم میں ایس او پیز کی سختی سے نگرانی کی جائے۔

محرم الحرام ، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری، عملے کی چھٹیاں منسوخ

اسد عمر نے کہا وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے صحت کے رہنما اصولوں کو یقینی بنایا جائے، مجالس کے داخلی راستوں پر ماسک، سینی ٹائزر اور اسکینرز لازم کیے گئے ہیں، ایس او پیز کے ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کرونا صورت حال بگڑ سکتی ہے، عوام کے تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

دریں اثنا، صوبائی چیف سکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے این سی او سی کو اقدامات سے آگاہ کیا اور بریفنگ میں کہا کہ صوبائی انتظامیہ کی مرکزی توجہ محرم کے حوالے سے انتظامات پر مرکوز ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں