لاہور : رمضان المبارک میں سماجی فاصلے نہ رکھنے اور لاک ڈاون میں نرمی کے اثرات آنا شروع ہوگئے، رمضان کے پہلے 9 دنوں میں 1533 نئے تصدیق شدہ رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے رمضان المبارک اور اس سے پہلے کورونا وائرس کے اعدادوشمار جاری کردیئے گئے، جس میں بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں سماجی فاصلے نہ رکھنے اور لاک ڈاون میں نرمی کے اثرات آنا شروع ہوگئے۔
اعدادوشمار کے مطابق شہر میں رمضان کے پہلے 9 دنوں میں 1533 نئے تصدیق شدہ رپورٹ ہوئے ، پہلے عشرے کے آخری 4 روزوں میں ریکارڈ 1007 مریض سامنے آئے جبکہ پہلے 5 روزوں میں 526 نئے کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ رمضان کے 9 روز میں اوسطاً رپورٹ ہونے والے مریضوں کی تعداد 170 بنتی ہے، رمضان سے پہلے 42 دنوں میں 943 تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رمضان سے پہلے کروناوائرس کے 1 دن میں رپورٹ ہونے والوں مریضوں کی اوسطاً تعداد 22 بنتی تھی۔
وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے دنوں میں کروناوائرس کے مریضوں میں ریکارڈ اضافہ کا خدشہ ہے، لاک ڈاون میں نرمی کے باعث شہر میں (لوکل ٹرانسمیشن) ایک سے دوسرے فرد میں وائرس کا پھیلاؤ 80 فیصد سے بڑھ چکا ہے۔
پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ لوکل ٹرانسمیشن کو سیمپلنگ کے ذریعے متاثرہ شخص کو تلاش کر کے ائسولییٹ کر کے ہی توڑا جا سکتا ہے، شہر میں لوکل ٹرانسمیشن بڑھنے کے باعث گھروں کے گھر متاثر ہو رہے ہیں ، شہریوں کا خوف ختم کرنے کیلئے گھروں میں ہوم آئسولیشین کی سہولت دی جائے. پروفیسر جاوید اکرم
خیال رہے عالمی ادارہ صحت نے جولائی تک پاکستان میں کروناوائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔