بالی ووڈ گلوکارہ نیہا ککڑ پر ان کے کانسرٹ کی وجہ سے تنقید کرنے والوں کو ان کے گلوکار بھائی ٹونی ککڑ نے سوشل میڈیا پر کرارا جواب دیا ہے۔
کئی بھارتی فلموں کے لیے اپنی آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ نیہا ککڑ آسٹریلیا میں اپنے کانسرٹ میں دیر سے پہنچی تھیں جس پر تنقید کی گئی تو وی زار و قطار رو پڑیں، ان کے بھائی نے اس رویے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا۔
ٹونی ککڑ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ "فرض کریں کہ میں آپ کو اپنے شہر میں کسی تقریب کے لیے مدعو کرتا ہوں اور تمام انتظامات کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، آپ کے ہوٹل، کار، ہوائی اڈے سے پک اپ، اور ٹکٹوں کی بکنگ سب کی ذمہ داری لیتا ہوں”۔
نیہا کے بھائی ٹونی نے مزید لکھا کہ "اب تصور کریں کہ آپ جب پہنچتے ہیں تو آپ کو پتا چلتا ہے کہ کچھ بھی بک نہیں کیا گیا ہے، ہوائی اڈے پر نہ کوئی کار، نہ ہوٹل کی بکنگ اور نہ ہی کوئی ٹکٹ، اس صورت حال میں قصوروار کون ہے؟”
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیہا ککڑ کا میلبرن میں کانسرٹ تھا جس میں وہ 3 گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں اور اسٹیج پر آتے ہی انہوں نے مداحوں سے معافی مانگی اور رو پڑیں۔
کانسرٹ میں موجود کچھ افراد نے ‘واپس جاؤ’ اور ‘رونے کا ڈرامہ’ کے نعرے بلند کردیے۔
نیہا ککڑ نے ان افراد کی آوازوں کو نظر انداز کرتے ہوئے روتے ہوئے کہا ‘آپ لوگ بہت اچھے ہیں جو اتنی دیر سے انتظار کررہے ہیں، مجھے اس چیز سے نفرت ہے، زندگی میں میں نے کبھی کسی کو اتنا انتظار نہیں کروایا’۔