اشتہار

سعودی عرب: نیوم ایئرلائنز کی جانب سے خوشخبری

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: نیوم ایئرلائنز کے نام سے ایک نئی ایئرلائن آئندہ سال پروازیں شروع کر دے گی۔

عرب نیوز کے مطابق نیوم ایئر لائنز کے سی ای او کلاز گوئرش کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شہر نیوم کے لیے ایک ایئر لائن 2024 کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔

نیوم ایئرلائنز سعودی عرب کے مستقبل کے شہر ’نیوم‘ کے نام سے قائم کی گئی ہے، جو ہر لحاظ سے منفرد ہوگی۔

- Advertisement -

نیوم ایئرلائنز کے سی ای او گوئرش اس سے قبل برٹش ایئرویز اور کینیڈا ایئرلائنز میں آپریشنل ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نئی ایئرلائنز مستقبل کی جدید ترین ایئرلائن ہوگی۔

گوئرش نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ’ذرا تصور کریں کہ آپ کا سامان آپ کے گھر یا دفتر سے اٹھا لیا گیا ہے اور جس ہوٹل یا رہائش پر آپ جا رہے ہیں وہاں پہنچا دیا گیا ہے، اور تصور کریں کہ بائیومیٹرکس اتنی ترقی یافتہ ہے کہ جیسے ہی آپ کسی عمارت میں جاتے ہیں، چہرے کی شناخت کے ذریعے آپ کو پہچان لیا جاتا ہے، اور سیکیورٹی آپ کو بغیر کسی چیکنگ کے سفر کے لیے کلیئر کر دیتی ہے۔‘

ایئرلائنز کے سی ای او گوئرش نے کہا کہ یہ 2024 کے آخر میں آپریشنل ہو جائے گی اور اس کی توجہ سیاحوں، رہائشیوں، اور تجارتی شراکت داروں کے لیے نیوم شہر تک اور وہاں سے سفر کرنے پر مرکوز ہوگی۔

واضح رہے کہ نیوم سٹی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کو مدنظر رکھ کر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کا اعلان 24 اکتوبر 2017 میں کیا گیا تھا۔ 500 بلین ڈالر کا نیوم میگا پراجیکٹ مملکت کے شمال مغربی بحیرہ احمر کے ساحل کو ایک ہائی ٹیک مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مجموعی رقبہ 26 ہزار 500 مربع کلومیٹر ہوگا، اور اس میں 468 کلومیٹر بحیرہ احمر اور خلیج عقبہ کا ساحلی علاقہ شامل ہے۔

نیوم ایئرلائنز کے قیام کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب سعودی عرب شہری ہوابازی کے شعبے کو جدید، وسیع اور عظیم تر بنانے کے لیے کوشاں ہے، ولئ عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں ماہ کے دوران ’ریاض ایئر‘ کے قیام کا اعلان بھی کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں