جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

نیپال اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے، متعدد افراد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

کھٹمنڈو / نئی دہلی: جنوبی ایشیائی ملک نیپال میں 6.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس میں اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، بھارت کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز علیٰ الصبح نیپال کے متعدد علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شت 6.6 تھی۔

زلزلے کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت متعدد بھارتی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، پچھلے 24 گھنٹے میں زلزلے کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کا مرکزبھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر پیلی بھیت سے 158 کلومیٹر دور اور نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 340 کلو میٹر دور دیپایل کا قصبہ تھا۔

زلزلے کے بعد نیپال میں اب تک کم از کم 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، درجنوں مکانات منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جانی اور مالی نقصانات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدری کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میں نے متعلقہ ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ زخمیوں اور دیگر متاثرین کے فوری اور مناسب علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

نیپالی آرمی کے ایک ترجمان نارائن سیلوال کا کہنا ہے کہ راحت اور بچاؤ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور 2 ہیلی کاپٹروں کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نیپال میں اپریل 2015 میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں تقریباً 9 ہزار افراد ہلاک اور 5 لاکھ سے زائد مکانات منہدم ہو گئے تھے۔

اس زلزلے نے کئی قصبوں اور صدیوں پرانے مندروں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا تھا، نیپالی معیشت کو اس زلزلے کی وجہ سے 6 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں