بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

نیپرا ایکٹ ترمیمی آرڈیننس جاری، حکومت کو بجلی مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ایکٹ میں ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت وفاقی حکومت کو اضافی سرچارج اور بجلی مزید مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا۔

آرڈیننس کے مطابق حکومت بجلی کے بلوں پر 10 فی صد سرچارج وصول کرسکے گی، نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کا اطلاق جلد ہوگا، حکومت کو ایک روپے 40 پیسےفی یونٹ تک سر چارج لگانےکا اختیار مل گیا ہے۔

آرڈیننس کے تحت حکومت کو آئندہ دو سال میں بجلی ساڑھے 5 روپےتک مہنگا کرنے کا اختیار ہوگا،عوام پر سرچارج کی مد میں 150 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

آرڈیننس کے مطابق بجلی سسٹم کو سالانہ 1400 ارب روپے حاصل کرنا ہیں،حکومت نے سرکلر ڈیٹ کے حل کیلئے سرچارج لگانا ضروری قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں: انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس جاری، 140 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم

ایکٹ میں ترمیم کے بعد نیپرا کو بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے خود مختاری مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پر صدر عارف علوی نے دستخط کیے تھے جس کے بعد ترمیمی آرڈیننس میں 140 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کردی گئی ہے۔

آرڈیننس کے ذریعے فلم انڈسٹری کے لیے ٹیکس چھوٹ ختم کردی گئی ہے، فریش گریجویٹس کو حاصل ٹیکس چھوٹ بھی واپس لے لی گئی، کاروباری مقامات پر این ٹی این کارڈ آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، دکان پر ٹیکس نمبر آویزاں نہ کرنے پر پانچ ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

آرڈیننس میں 62 اداروں کو کریڈٹ ٹیکس کی سہولت دی گئی ہے، رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ سے متعلق ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی، آٹو ڈس ایبل سرنجز پر بھی ٹیکس چھوٹ برقرار رکھی گئی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں