اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیرٹی اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 41 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ، اضافہ اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترسیلی کمپنیوں کی جانب سے بجلی کی نرخوں میں مزید اضافہ کرنے کی درخواست پر نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 41 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ، فیصلے سےصارفین پر 3ارب 80کروڑ روپےکابوجھ پڑے گا، اضافہ اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کوئلےاورایل این جی والے پلانٹس کم چلائے گئے ، فرنس آئل والے پلانٹس کو کوئلے پر چلایا جاتا تو فی یونٹ 59 پیسے کمی ہوسکتی تھی، سی پی پی اے نے مؤقف میں کہنا تھا کہ ایل این جی کم ملنے سے پلانٹ نہیں چلائے گئے۔
چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ پلانٹس چلانے سے صارفین کو زیادہ ریلیف مل سکتا تھا ، ایل این جی نہ ملنا جواز نہیں ،تحریری جواب جمع کرائیں۔
مزید پڑھیں : ترسیلی کمپنیوں نے بجلی کی نرخوں میں مزید اضافہ ما نگ لیا
یاد رہے سنٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی نے چونسٹھ پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی ، سی پی پی کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں اکتوبر کے مہینے کے لیے مانگا گیا ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق اکتوبر میں بجلی کی فی یونٹ قیمت پانچ روپے اٹھاسی پیسے رہی جبکہ صارفین سے پانچ روپے تئیس پیسے چارج کئے گئے جبکہ اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹریک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔
خیال رہے اکتوبر میں حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دی تھی، بجلی اوسطاً 1 روپے 18 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی تھی جبکہ 300 یونٹ استعمال کرنے والوں پرکوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 26 ستمبر کو نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی تھی، جس کے مطابق اگست کے کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ سولہ پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا تھا، قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوا تھا۔