اسلام آباد : بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے یکساں ٹیرف کی درخواست پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا، حکومت نے بجلی کےنرخ میں ایک روپے27 پیسےفی یونٹ اضافے کی سفارش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے یکساں ٹیرف کی درخواست کی سماعت مکمل کرلی گئی، نیپرا اتھارٹی نے یکساں ٹیرف سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخ میں ایک روپے 27 پیسےفی یونٹ اضافے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ صارفین کے لیے نیا اوسط ٹیرف 11 روپے 95 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی سفارش ہے۔
بجلی کے صارفین پر 22 پیسے سےایک روپے 60 پیسے تک فی یونٹ اضافہ ہوگا، اضافے کا اطلاق 300 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر ہوگا۔
ممبر نیپرا اتھارٹی سیف اللہ کا کہنا ہے کہ نیپرا اتھارٹی کے تیسرے ارکان کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ، اتھارٹی مکمل ہونے پر درخواست پر فیصلہ سنا دیاجائے گا، سماعت کے لیے 3ارکان کی موجودگی ضروری نہیں، قانونی طور پر فیصلہ کرتے وقت 3ارکان کی موجودگی ضروری ہے۔
یاد رہے حکومت نے بجلی صارفین سے146ارب کی سبسڈی واپس لینے کے لئے نیپرا میں درخواست دی تھی ، جس میں کہا گیا تھا سبسڈی واپس لےکر یکساں ٹیرف مقررکیا جائے، حکومت اس سال 146ارب روپے کی سبسڈی نہیں دے سکتی، سبسڈی واپس لینے کے لئے اتھارٹی تقسیم کار کمپنیوں کے لئے نیا یکساں ٹیرف لائے۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ 50یونٹ تک بجلی صارفین کے لئے 2 روپے فی یونٹ ٹیرف مقرر کرنے، 100یونٹ والے صارفین کے لئے ٹیرف 5.79 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے، 100 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لئے 8.11پیسے فی یونٹ ٹیرف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
حکومت نے 300یونٹ تک بجلی والےصارفین کے لئے قیمت 10.20پیسے فی یونٹ مقررکرنے، 700یونٹ والے صارفین کے لئے ٹیرف17روپے 60 پیسے مقرر کرنے اور 700 یونٹ سے زائد والے صارفین کے لئے قیمت 20 روپے70پیسےمقرر کرنے کی تجویز دی تھی۔