بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

نیٹ فلکس کے ڈرامہ "ایڈولیسینس” نے ریٹنگز کی نئی تاریخ رقم کردی، ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

نیٹ فلکس کے ڈرامہ "ایڈولیسینس” نے برطانیہ میں ریٹنگز کی نئی تاریخ رقم کر دی،  اب تک کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا شو بن گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کے ڈرامے "ایڈولیسینس” نے برطانیہ کی ٹی وی ریٹنگز میں پہلی بار سب سے اوپر آ کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

یہی نہیں اس ڈرامے نے بی بی سی کے مشہور شوز "دی اپرینٹس” اور "ڈیتھ ان پیراڈائز” کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

نیٹ فلکس ٹوڈم پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کرائم ڈرامہ سیریز ’’ایڈولیسینس‘‘ Adolescence کو صرف چار دنوں میں نیٹ فلکس پر 3.24 ملین ویوز ملے ہیں، اور یہ اسٹریمر کے ٹاپ شو کے طور پر ابھرا ہے۔

ریٹنگز کے سرکاری ادارے بارب کے مطابق، "ایڈولیسینس” کی پہلی قسط کو اپنی ریلیز کے پہلے ہفتے میں 6.45 ملین افراد نے دیکھا۔

یہ برطانیہ میں کسی بھی اسٹریمنگ شو کے لیے ایک ہفتے میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تعداد ہے، جو جنوری 2024 میں نیٹ فلکس کے ڈرامے "فول می ونس” کی 6.3 ملین ناظرین کی تعداد کو بھی پیچھے چھوڑ گئی۔

اس شو کی ریلیز کے فوری بعد سوشل میڈیا پر15 سالہ برطانوی اداکار اوون کوپر کی زبردست اداکاری کی خوب تعریف کی گئی۔ اس سیریز میں اوون کوپر نے جیمی ملر کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ اسٹیفن گراہم نے اس کے والد کا کردار نبھایا ہے۔

اس ڈرامے کو ناقدین اور ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، خاص طور پر اس کی سنجیدہ کہانی کی وجہ سے جو ایک 13 سالہ لڑکے کے گرد گھومتی ہے، یہ 13 سالہ لڑکا جسے اپنے اسکول کی ہم جماعت لڑکی کیٹی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا جاتا ہے، اپنی تمام تر بے گناہی کی درخواست کے باوجود پولیس اس کے خلاف ایک مضبوط مقدمہ بنادیتی ہے۔

"ایڈولیسینس” کی دوسری قسط 5.94 ملین ناظرین نے دیکھی، جبکہ بی بی سی ون کے "دی اپرینٹس” اور "ڈیتھ ان پیراڈائز” بالترتیب تقریباً 5.8 ملین ناظرین کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں