نیدرلینڈز نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر عمل کرنے کا عندیہ دیدیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دی ہیگ سے نیدرلینڈز کے حکام کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم کی گرفتاری کے وارنٹ پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اردن نے کہا کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کی گرفتاری کے آئی سی سی کے فیصلے پر عمل اور اس کا احترام ہونا چاہیے، امان سے اردنی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کے لوگ انصاف کے حق دار ہیں۔
ادھر یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر کہا ہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) کا اسرائیلی وزیر اعظم اور یوو گیلنٹ کی گرفتاری وارنٹ کا فیصلہ سیاسی نہیں۔
رپورٹ کے مطابق جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے فیصلے کا احترام اور اس پر عمل ہونا چاہیے۔
دریں اثنا تل ابیب سے خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے فیصلے کو مسترد کر دیا، اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق آئی سی سی کے مبینہ بیہودہ اور غلط اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔
نیتن یاہو اٹلی آئے تو گرفتار کر لیں گے، اطالوی وزیر دفاع
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے شہریوں کے دفاع میں کسی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔