کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جمیل احمد کا کہنا ہے کہ 2025 میں پاکستان کا پہلا نیا نوٹ جاری ہو جائے گا۔
جمیل احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں سال نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا شروع ہو جائے گا، اس سال کرنسی نوٹ کے نئے ڈیزائن والے نوٹ مارکیٹ کر دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پانچ ہزار کے جعلی نوٹ کی پہچان کیا ہے؟
گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ نئے ڈیزائن مرحلہ وار پرنٹ کیے جائیں گے، اسٹیٹ بینک نئے نوٹ کی تکنیکی ویلیوایشن کر رہا ہے، نئے نوٹ کو جلد منظوری کیلیے کابینہ کے سامنے پیش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے کتنی مالیت کا نیا کرنسی نوٹ آئے گا وہ ابھی نہیں بتا سکتا، سال 2025 میں مرحلہ وار نئے کرنسی ڈیزائن کے نوٹ سرکولیشن میں آ جائیں گے، مختلف مالیت کے نئے نوٹ ایک ساتھ نہیں بتدریج جاری ہوں گے۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے حال ہی میں نئے بینک نوٹ سیریز شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں بین الاقوامی معیار، تازہ ترین اور جدید سکیورٹی خصوصیات ہوں گی۔ مشینریز کی اپ گریڈیشن اسٹیٹ بینک ا کی ضروریات کو بہتر بنائے گی۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا تھا کہ نئی کرنسی کا مقصد نوٹ کی آفادیت کو برقرار رکھنا ہے، 2005 میں نئی کرنسی جاری کی تھی جس کا عمل تین سال تک جاری رہا۔
سلیم اللہ کا کہنا تھا پہلا نوٹ جاری کرنے میں تقریباً دو سال لگیں گے، یہ ایک طویل عمل ہے، نئی کرنسی کی چھپائی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرنسی نوٹ کے ڈیزائن کیلیے عوام سے بھی ان کی تجاویز مانگی ہیں، ہر ڈینومینیشن کے لیے تین انعامات ہیں، کل سات ڈینومینیشن ہیں اس حساب سے 21 انعامات ہیں۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ پہلا انعام 10 لاکھ روپے، دوسرا انعام 5 لاکھ روپے اور تیسرا انعام 3 لاکھ روپے ہے۔
ان کا کہنا تھا ملک بھر میں 17 ہزار بینک برانچز ہیں، عوام وہاں سے اپنے نوٹ باآسانی تبدیل کرا سکیں گے، نئے کرنسی نوٹ اکاؤنٹ میں منتقل کیے جائیں گے جبکہ پرانے کرنسی نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا۔